ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

حکمرانوں کاکشکول مشن پوری آب و تاب سے جاری ہے، سراج الحق

چارسدہ :امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے پاکستان کو مسائلستان بنا دیا، پی ٹی آئی کے بعد پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کے طرزحکمرانی نے معیشت کا رہا سہا بیڑہ بھی غرق کردیا،کشکول مشن پوری آب و تاب سے جاری ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ   ذاتی مفادات کے لیے 14جماعتیں شیروشکر ہو گئیں، اب نورا کشتی کر کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ مرکزی حکومت نے خیبرپختونخوا اور ضم شدہ قبائل کے ساتھ کیے گئے وعدے فراموش کر دیے اور اپنی آئینی ذمہ داری نہیں نبھائی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اللہ کی مددو نصرت اور عوام کی تائید سے اقتدار میں آ کر جماعت اسلامی انصاف اور احتساب کے بے لاگ نظام، امن عامہ کے قیام اور سود فری معیشت کے تین نکاتی ایجنڈے کو فی الفور نافذ کرے گی۔

 انھوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں بڑا حصہ ہونے کے باوجود خیبر پختوانخوا میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، لوگ رات کو سوسکتے ہیں نہ دن میں سکون میسر ہے، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

سراج الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سالہا سال کی خراب حکمرانی نے مسائل کے انبار لگادیے ، وسائل سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا گیا، مرکز کی جانب فنڈز اور بقایا جات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے صوبہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے دروازوں پر تالہ لگ چکا ہے،امن و امان کی صورت حال تباہ کن،کے پی کا نوجوان مایوس اور بے روزگاری کی آگ میں جل رہا ہے۔

 انھوں نے کہا کہ پورے ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ نے وزیراعظم کے دعوے کا پول کھول دیا ۔سرکاری محلات میں مفت ایئرکنڈیشنز کے مزے لینے اور بڑی گاڑیوں اور پروٹوکول میں گھومنے والوں کو عوامی مسائل کا ادراک تک نہیں۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کی کمزور ترین کرنسی اور معیشت اور خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے،  بہتر طرز حکمرانی کا ایک بنیادی انڈیکیٹر بھی 75برسوں میں پاکستان میں متعارف نہیں کروایا گیا، حکمرانوں نے لوٹ مار اور بیرون ملک اپنی جائدادیں بنانے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا، توشہ خانہ کو لوٹنے سے لے کر بنکوں سے قرضے معاف کروانے تک کرپشن کی لمبی داستانیں ہیں ، پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں سبھی حکمران پارٹیوں سے وابستہ افراد کے نام ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں