لاہور:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے قرض پروگرام پورا کرانے میں بڑی مدد کی۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کی مشکلات کاخاتمہ ہوا، آئی ایم ایف سے کئی ماہ سے جاری بات چیت مثبت نتیجے پر پہنچی۔ اسٹاف لیول معاہدہ سے پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے بچ گیا ہے، پاکستان ڈیفالٹ ہوتا تو میں خود کو معاف نہیں کرپاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایثار اور قربانی کا جذبہ ہے قوموں کو مشکلات سے نکالتا ہے، پاکستان ترقی اور خوشحالی کے راستے پرگامزن ہے، مشکل وقت میں ساتھ دینے پر دوست ممالک کے شکر گزار ہیں۔یہ بات انہوں نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے قرض پروگرام پورا کرانے میں بڑی مدد کی،سعودی عرب سمیت دوست ممالک سے مدد دلوانے میں سپہ سالار نے اہم کردار ادا کیا۔ یواے ای نے ایک ارب ڈالر دینے کا وعدہ پورا کیا، سعودی عرب نے 2ارب ڈالردینے کا وعدہ پورا کیا۔سری لنکن صدرنے بھی ہماری مدد کی، پاکستان کوڈیفالٹ سے بچانے کیلئے چین نے کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم کاکہنا تھا کہ پاکستان درجنوں مرتبہ آئی ایم ایف کے پاس جاچکا ہے،عوام دعا کریں یہ آئی ایم ایف سے آخری معاہدہ ہو، خداکرے آئندہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے۔