ٹوکیو: وفاقی وزیرخارجہ بلاول زرداری نے کہا ہے کہ جب تک جموں وکشمیر کا تنازعہ مذاکرات کے ذریعے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا اس وقت تک جنوبی ایشیا میں امن نہیں ہوسکتا۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور جاپان کو علاقائی روابط کو فروغ دینے اور پورے خطے میں تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے ایک مضبوط اور موثر بنیادی ڈھانچے کے نظام کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک اپنی قوتوں کو زیر استعمال لاتے ہوئے اورعلاقائی کوششوں کے ذریعے سارک ممالک کی ترقی میں کردار ادا کرسکتے ہیں، پاکستان اس قرارداد کیلئے کام کرنے کیلئے تیار ہے۔
بلاول نے کہاکہ بھارت مذہبی جنون کی گرفت میں ہے اوراس نے مذاکرات اورسفارت کاری کا راستہ بند کردیا ہے ۔افغانستان کے حوالے سے وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان اور جاپان مستحکم محفوظ اورخوشحال افغانستان کیلئے کردار ادا کرسکتے ہیں۔