ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی، اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

جنیوا:سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے  پر  اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

ترجمان عالمی انسانی حقوق کونسل کے مطابق  ہنگامی اجلاس پاکستان کی درخواست پر بلایا گیا ہے، جو ممکنہ طور  پر رواں ہفتے کے آخر میں ہوگا۔

واضح رہے کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عیدالاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو  نذرآتش کرکے بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق پولیس نے عراق سے تعلق رکھنے والے شہری کو کئی بار قرآن پاک نذر آتش کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا لیکن مقامی عدالت نے پولیس کے فیصلے کو آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دیا۔

مقامی پولیس نے شہری کو عید کے روز شہر کی مرکزی جامع مسجد کے باہر مظاہرے کی اجازت دی جس کے بعد ملعون نے قرآن پاک کو نذر آتش کیا اور مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی۔

دوسری جانب سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں اور کئی ممالک میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ایران اور عراق میں سویڈش سفارت خانوں پر ہزاروں افراد نے احتجاج کیا ہے۔ عراقی مظاہرین نے سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

اس معاملے پر سویڈش حکومت کا کہنا ہے کہ یہ  واقعہ  سویڈن کی حکومت کا موقف واضح نہیں کرتا۔ قرآن کی بے حرمتی کے واقعے پر سویڈش حکومت اسلاموفوبیا پر مبنی اس عمل کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں