ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ متوسط طبقہ پر ڈرون حملے سے کم نہیں، میاں محمد اسلم

اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ متوسط اور غریب طبقہ پر ڈرون حملے سے کم نہیں، عوام کی جیبوں پر 500ارب کا ڈاکا ڈالا گیا۔

میاں محمد اسلم نے کہاکہ  ٹیکسز، سرچارجز، ڈیوٹیز اور ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ شامل کر کے فی یونٹ قیمت 52روپے تک پہنچ گئی، حکومت آئی ایم ایف کے حکم پر قوم کا خون نچوڑ رہی ہے، حکومت آئی ایم ایف معاہدہ قوم کے سامنے لائے، غریب عوام پر ظلم کی بجائے حکمران اشرافیہ اپنی مراعات ختم کرے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  عوام کے حق کے لیے اسمبلیوں، عدالتوں، چوکوں، چوراہوں سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، قوم نے اپنی تقدیر کا فیصلہ خودکرنا ہے، آزمائے ہوئے چہروں کو مزید نہ آزمایا جائے، لوگ ووٹ کی طاقت سے ظالموں اور لٹیروں کا احتساب کریں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی دور میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے اور لانگ مارچز کیے، اقتدار میں آ کر مجرمانہ خاموشی اختیار کر لی، گزشتہ ڈیڑھ برس میں بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں اتنا اضافہ ہوا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

 انھوں نے کہا ترقی اور خوشحالی کے لیے ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی حکومتوں سے جان چھڑانا ہو گی، قوم اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں