اسٹاک ہوم: سویڈن کی پولیس نے ایک مرتبہ پھر 2 ملعون انتہا پسندوں کو توہینِ قرآن کی اجازت دے دی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق دائیں بازو کے دو انتہا پسندوں کو سویڈن کی پولیس نے عراقی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کرنے کی اجازت دے دی ہے، جب کہ اس مظاہرے کےمنتظمین قرآن پاک کو جلانے کا اعلان کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں اجازت لینے والے دونوں انتہا پسندوں نے عراقی پرچم بھی نذر آتش کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سویڈن پولیس نے دونوں شدت پسندوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ان میں سے ایک وہی عراقی پناہ گزین سلوان مومیکا ہے جس نے عیدالاضحیٰ کے روز مسجد کے باہر قرآن کو نذر آتش کرنے کی ناپاک جسارت کی تھی۔
دوسری جانب قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک حرکت کی اجازت دینے پر عراق نے سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کر دیا ہے۔ دریں اثنا توہینِ قرآن کے خلاف عراق میں سویڈن کے سفارت خانے پر شدید احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر غم اور غصے سے بھرے مظاہرین نے سفارت خانے پر دھاوا بول دیا۔