راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کو ایک بار پھر نظربند کردیا گیا ہے جب کہ ان کے بھائی فرخ آفریدی کو بھی حراست میں لے کر اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت کی جانب سے رہائی کے حکم کے باوجود سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کو ڈی سی راولپنڈی کی جانب سے مزید 15 دن کی نظربندی کے احکامات موصول ہونے پر اڈیالہ جیل ہی میں نظر بند کردیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شہریار آفریدی کی مزید نظر بندی کے احکامات 3 ایم پی او کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔ سی پی او راولپنڈی نے نقض امن کے خدشے کے پیش شہریار آفریدی کی 30 دن کے لیے نظر بندی کی سفارش کی تھی۔
دوسری جانب شہریار آفریدی کے بھائی فرخ آفریدی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے رات گئے ویسٹریج کے علاقے میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپا مارا اور دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوئی، جہاں سے پولیس شہریار آفریدی کے بھائی فرخ آفریدی کو حراست میں لے کر ساتھ لے گئی۔ فرخ آفریدی کو 3 ایم پی او کے تحت 15 دن کے لیے اڈیالہ جیل میں نظر بند کردیا گیا ہے۔
