لاہور :امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ مالاکنڈ جلسے نے ثابت کر دیا ہے کہ آنے والا وقت جماعت اسلامی کا ہے ۔اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں بہت جلد اللہ اور اس کے رسولۖ کا نظام نافذ العمل ہو گا، کامیابی کا سورج ابھرے گا اور پورے پاکستان کو منور کر دے گا۔
محمد جاوید قصوری نے کہاکہ موجودہ مایوس کن صورتحال میںصرف جماعت اسلامی ہی واحد امید کی کرن ہے۔ جو ملک و قوم کو بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے، لوگوں نے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دنوں کی کارکردگی کو دیکھ چکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ان لوگوں کے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کچھ نہیں ہیں ، نا اہل اور کرپٹ ٹولے کو جب تک مسترد نہیں کر دیا جاتا اور ملک کی بھاگ دوڑ ایماندار لوگوں کے سپرد نہیں کر دی جاتی اس وقت تک حالات بہتر نہیں ہو سکتے ۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ملک میں اس وقت جو خوفناک مہنگائی موجود ہے وہ سفید پوش طبقے کیلئے بھی ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ غریب طبقہ تو بالکل ہی پس گیا ہے۔ ملک و قوم کو اضطراب ، سیاسی کشمکش اور بے یقینی کی کیفیت سے نکالنے کے لئے عام انتخابات کی طرف جانا ہوگا۔
محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ حکومت اپنا آئینی تقاضا پورا کرتے ہوئے عام انتخابات کروائے اور اس حوالے سے کسی قسم کے حیلے بہانوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جانا چاہئے ۔ ہر دور حکومت میںلوٹ مار کر کے حکمرانوں نے اپنی تجوریوں کو بھرا ہے ۔
