نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر بلے باز وریندر سہواگ نے رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان سمیت 4 ٹیموں کو اپنا فیورٹ قرار دیا ہے۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق سہواگ نے رواں برس اکتوبر میں ہونے والے کرکٹ عالمی کپ کے لیے پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کو ممکنہ سیمی فائلسٹ ٹیموں کے طور پر بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلوی اور انگلینڈ کی ٹیمیں غیر روایتی کرکٹ پر زیادہ توجہ دیتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ برصغیر میں زیادہ اچھا کھیل سکتی ہیں۔
بھارتی ٹیم سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روہت شرما کی کپتانی میں انڈین ٹیم ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں کامیاب دکھائی دے رہی ہے اور میگا ایونٹ میں میزبان ٹیم ہونے کی وجہ سے ہوم کنڈیشنز بھی بھارت کے لیے سودمند ثابت ہوں گی۔
سہواگ نے بتایا کہ انگلینڈ کی ٹیم کے کھلاڑی ساتویں نمبر تک بیٹنگ کرتے ہیں اور وہ خود دفاعی چیمپئن بھی ہیں۔ اُدھر آسٹریلوی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایونٹس میں اچھے ٹریک ریکارڈ کی حامل ہے اور دباؤ میں اچھی کارکردگی دکھانا انہیں خوب آتا ہے۔
پاکستانی ٹیم سے متعلق بات کرتے ہوئے وریندر سہواگ کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس کو کسی بھی طرح سے کم سمجھنا درست نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم نے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں اور پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے مضبوط امیدواروں میں سے ایک ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں طے کرکٹ ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر 2023ء سے ہوگا ۔ اس میگا ایونٹ کا فائنل میچ 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
