نئی دہلی:بھارتی ریاستوں ہماچل پردیش اور اترا کھنڈ میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 81 ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق صرف ریاست ہما چل پردیش میں ہلاکتوں کی تعداد 71 ہو گئی اور 13 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ہماچل پردیش کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خراب موسم کے باعث ہماچل پردیش میں تعلیمی ادارے 19 اگست تک بند رہیں گے جبکہ ریاست پنجاب میں شدید بارش کے بعد متعدد اضلاع گورداس پور، ہوشیار پور اور روپ نگر میں سیلابی صورتحال ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ شدید بارشوں کے بعد دریائے بیاس اور ستلج میں پانی کی سطح بلند ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں سے لوگوں کا انخلا جاری ہے۔ادھر بھارتی محکمہ موسمیات نے ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے اور کہا کہ بھارت کے دیگر علاقوں میں بھی آئندہ 4 سے 5 روز بارش کا امکان ہے۔
