لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ گزشتہ پچاس برس میں ملک میں جتنی بھی حکومتیں آئیں سب نے عوام کو غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے تحائف دیے، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے جھنڈے اور چہرے الگ، لیکن پالیسیوں میں یکسانیت ہے۔
راشد نسیم نے کہاکہ ملک پر قابض حکمران اشرافیہ ایک ہی طرح کے طبقات ہیں، ان کا ایجنڈا سیکولرازم اور یہ امریکا کو ہی نجات دہندہ سمجھتے ہیں، ان کی پرورش بھی واشنگٹن نے کی، ان کی وجہ سے قوم کا بچہ بچہ مقروض ہو گیا، معیشت تباہ، امن و امان کی صورت حال تشویش ناک اور ہر شہری چار لاکھ کا مقروض ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جب عوام بے حال اور مشکلات کا شکار ہے اس کے پڑوس افغانستان میں خوشحالی اور امن قائم ہو رہا ہے، وہاں کی معیشت مضبوط اور ڈالر اور پٹرول کی قیمت کم ہو رہی ہے، جس کی وجہ وہاں استعماری نظام کی بجائے اسلامی نظام کا قیام ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حکمرانوں نے اللہ اور اس کے رسولۖ کی تعلیمات کو اپنایا اور امریکی احکامات کی نفی کی، دنیا ان کی مخالفت کر رہی ہے اور پریشان ہے،مگر وہ حق پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں خوشحالی اور امن اسی وقت آئے گا جب یہاں اسلامی نظام قائم ہو گا، جماعت اسلامی اسی کے لیے ہی جدوجہد کر رہی ہے۔
