ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاکستان کی ہالینڈ میں توہینِ قرآن کی شدید الفاظ میں مذمت

Pakistan rejects

اسلام آباد: پاکستان نے ہالینڈ میں ہونے والے توہینِ قرآن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے ایسے واقعات کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دی ہیگ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور اشتعال انگیز اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس دانستہ اسلامو فوبیا کے عمل سے دنیا بھر کے 2 ارب مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسے اقدامات سے پرامن بقائے باہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خطرہ ہے۔ اس قسم کی جارحانہ کارروائیوں کو اظہار رائے اور احتجاج کی جائز آزادی کسی صورت نہیں کہا جاسکتا۔پاکستان بین الاقوامی قانون کے تحت نفرت، امتیازی سلوک اور تشدد کے لیے اکسانے کی روک تھام اور ممانعت کرنے کا پابند کرتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کی منظور کی گئی قرارداد کا مقصد بھی یہی تھا۔ قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کے تحفظات ہالینڈ کے حکام تک پہنچائے جا رہے ہیں۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھا جائے۔ نفرت انگیز اور اسلام فوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھائے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کام کرے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں