کراچی: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ عام انتخابات اگر 90 روز سے آگے گئے تو بحرانی کیفیت پیدا ہوگی۔
بلاول ہاؤس میں سی ای سی اجلاس کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پی پی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ پارٹی قیادت ایک رائے پر متفق ہے کہ الیکشن میں تاخیر قبول نہیں کی جائے گی۔ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل نے واضح کیا ہے کہ عام انتخابات 90 دن سے آگے گئے تو ملک میں بحرانی کیفیت پیدا ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن 90 دن میں ہونے چاہییں۔ حلقہ بندیوں کی بنیاد پر انتخابات میں تاخیر نہیں کی جاسکتی۔ پیپلزپارٹی کا وفد الیکشن کمیشن کے حکام سے ملاقات کرے گا۔ملک میں معاشی صورت حال سنگین ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں ضمنی الیکشن کا اعلان کیا تو اس کا مطلب ہے کہ ملک میں عام انتخابات بھی بروقت ہوسکتے ہیں۔
