ہری پور:امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکمران اور واپڈا کے ذمہ داران سن لیں بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو صرف احتجاج پر اکتفا نہیں کریں گے بلکہ پھر ہمارا ہاتھ ہوگا اور حکمرانوں کے گریبان ہوں گے۔
پروفیسرمحمد ابراہیم نے کہاکہ پیسکو چیف نے سیکورٹی طلب کی ہے لیکن ان کی سیکورٹی بھی دھری کی دھری رہ جائے گی۔ عوام کی آواز کو سنیں ایسا نہ ہو کہ ان کے ہاتھ آپ کے گریبانوں میں پڑیں۔ خودکشیاں کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، باہر نکل کر ان سے حقوق چھیننے ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی اس لہر کو کنٹرول کیا جائے، بجلی کے بلوں میں اضافہ ختم کیا جائے، پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں کو بھی کم کیا جائے۔ ہماری تحریک جاری رہے گی۔
پروفیسر محمد ابراہیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے جاتے جاتے مہنگائی کے کئی بم گرائے۔ تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھائیں، پھر بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا۔ بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھ گئی ہے، مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام بچوں سمیت خودکشیوں کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکمران کمفرٹ لیول سے نکلیں، ساری سختیاں عوام کے لیے نہ چھوڑیں، کچھ خود بھی برداشت کریں۔
