ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

لبنان: فلسطینی مہاجر کیمپ میں جھڑپیں،6افراد ہلاک

لبنان میں فلسطینی مہاجرین کے سب سے بڑے کیمپ عین الحلوہ میں متحارب گروہوں میں عارضی جنگ بندی کے بعد پھرلڑائی چھڑ گئی ہے اور اس میں گزشتہ روز چھ افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہو گئے ہیں۔

عین الحلوہ کیمپ میں فلسطینی صدر محمود عباس کے دھڑے فتح کے کارکنوں کی شدت پسندوں کی حمایت کرنے والے حریف گروہوں کے ساتھ گزشتہ کئی ہفتوں سے جھڑپیں ہورہی ہیں۔

فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ لبنان کے جنوب میں ساحلی شہر صیدا کے قریب واقع عین الحلوہ کیمپ میں تازہ ہلاکتوں کے بعد گزشتہ جمعرات سے جاری لڑائی میں مرنے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے،ان کے علاوہ 150 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثناء الفتح کے سینیر رہ نما عزام الاحمد اور حماس کے موسیٰ ابو مرزوق سمیت سینیر فلسطینی عہدے داروں نے منگل کی رات بیروت میں فلسطینی سفارت خانے میں ملاقات کی تھی۔

دونوں جماعتوں کے ایک مشترکہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ انھوں نے عین الحلوہ کیمپ میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے کے لیے اپنے مکمل عزم کا اظہار کیا تھا لیکن گزشتہ  روز یہ جنگ بندی ختم ہو گئی اور رات کے وقت متحارب گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد کیمپ کی طرف صیدا سے جانے والی مرکزی شاہراہ کو بند کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ لبنان میں قائم 12 فلسطینی کیمپوں میں تقریباً چار لاکھ پناہ گزین رہ رہے ہیں جو اسرائیل اور اس کے عرب ہمسایہ ممالک کے درمیان 1948 کی جنگ کے بعد بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی آل اولاد ہیں، عین الحلوہ ان میں سب سے بڑا مہاجر کیمپ ہے اور یہاں قریباً 50 ہزار افراد مقیم ہیں۔اس کا کنٹرول فتح کے پاس ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں