بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کے 15 کھلاڑیوں کا انتخاب مشکل اور کٹھن ہوگیا ہے ۔
کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر انضمام الحق ورلڈ کپ میں پاکستانی اسکواڈ کے انتخاب کےلئے سر جوڑ کر بیٹھ گئے،ایشیاکپ کی ناکامی کے بعد پہلے سے منتخب اسکواڈ میں ردوبدل کرنے کے لیے مجبور ہوگئے ہیں، دونوں کو اس بات کا شدت سے اندازہ ہے کہ ٹیم میں بنا تبدیل گھاٹے کا سودا ہوگا۔
ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر ورلڈ کپ کے لیئے اسکواڈ کے چناؤ کےسلیکشن مرحلے میں کہیں نظر نہیں آرہے کیونکہ وہ انگلینڈ کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف ہیں ۔
زرائع کے مطابق ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں ٹیم کی حالیہ پرفارمنس کے بعد اضافی وکٹ کیپر محمد حارث، اسپنر اسامہ میر، فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کے چانسز بہت کم نظر آرہے ہیں ۔
تازہ ترین پیش رفت کے تناظر میں آل راؤنڈر حسن علی اور لیگ بریک گگلی بولر ابرار احمد کے نام گردش کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں جب کہ مسلسل آؤٹ آف فارم رہنے والے ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان اور ٹیسٹ اوپنر فخر زمان کی سلیکشن پر خطرات ضرور منڈلاتے نظر آرہے ہیں ، البتہ ان کے اسکواڈ سے باہر جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا فیصلہ حتمی نہیں ہوسکا البتہ اس اسکواڈ پر غور ضرور کیا جا رہا ہے ۔
بابراعظم (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا، افتخار احمد ، سعود شکیل ، محمد رضوان (وکٹ کیپر ) ابرار احمد ، محمد نواز، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی ، حارث رؤف، حسن علی اور زمان خان۔