کراچی: سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ ہم سیاست کو عبادت تصور کرتے ہیں۔
دردانہ صد یقی کا کہنا تھا کہ اقامت دین نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے مشن کی بنیاد ہے جس پر اسلامی ریاست کی بنیاد استوار ہوتی ہے،جماعت اسلامی کی جدوجہد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور امت پر عائد فریضہ ہے، ان خیالات کا اظہار دردانہ صدیقی نے سیاسی سیل کے دو روزہ آن لائن جائزہ پروگرام کی صدارت کے دوران کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جدوجہد فتح اور کامیابی کی نوید لاتی ہے، نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا اعلان نبوت قیصر وکسری کی حکمرانی کے دور میں تھا اور پھر زمانے نے قیصر وکسری کے محلات زمین بوس ہوتے دیکھے، یہ سب توکل علی اللہ اور دعوت کی سچائی پر یقین کا نتیجہ ہے۔
دردانہ صد یقی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد منظر عام پر آئی تو جماعت اسلامی کی ساکھ بنی ہے، نبوی مشنۖ کی کامیابی کے لئے سیاسی عمل میں شرکت لازم ہے ہم سیاست عبادت سمجھ کر کرتے ہیں کیوں کہ ہماری جدوجہد نبوی مشن کے لئے ہے، پارلیمنٹ میں اعلائے کلمتہ اللہ کے لئے قوت بن کر معاشرے کی اصلاح کا فریضہ انجام دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کرپشن،موروثیت،لسانیت،عصبیت،صوبائیت جیسے تمام تعصبات سے پاک اور اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو قائم کرنے کی جدو جہد کرنے والی جماعت ہے الیکشن کے انعقاد تک مسلسل عوام کے ذہنوں پر دستک دینا ہو گی، برادر تنظیمات کے ساتھ بنیان مرصوص بن کر اشتراک عمل سے جدوجہد جاری رکھیں گے، اس موقع پر معتمدہ حلقہ خواتین تسنیم معظم اور نگران سیاسی سیل طیبہ عاطف نے بھی خطاب کیا۔
