غزہ: حماس کی جانب سے صہیونی ریاست کے خلاف آپریشن طوفان الاقصیٰ شروع کیے جانے کے بعد اسرائیل نے غزہ پر بمباری شروع کردی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیل کی غزہ پر بم باری میں 200 فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا جب کہ 1600 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ اُدھر صہیونی ریاست کا کہنا ہے کہ غزہ پر فضائی بم باری حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کا جواب ہے۔
حماس کے اسرائیل کے خلاف آپریشن کے اعلان کے بعد صہیونی ریاست کی حکومت کا اہم اجلاس متوقع ہے جب کہ صہیونی سیکورٹی اداروں نے حماس کے ٹھکانوں پر بم باری کا آغاز کردیا ہے۔ علاوہ ازیں صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے بیان میں اسرائیل کو حالت جنگ میں قرار دیا ہے۔ صہیونی وزیر دفاع نے بھی اپنے بیان میں حماس کے آپریشن کے اعلان کو غلطی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل یہ جنگ جیت جائے گا۔
یاد رہے کہ قابض ریاست اسرائیل کے مظالم اور بم باری کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جب کہ صرف رواں برس صہیونی ریاست کے جنگی جرائم کے نتیجے میں 9 ماہ کے دوران 250 سے زیادہ فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔
