اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایشین گیمز میں پاکستان کی بری کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے پاکستان اولمپکس میں تبدیلی کا مطالبہ کردیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر 1990ء تا 2022ء منعقد ہونے والے اولمپکس پاک بھارت مقابلوں کا تقابل کیا۔اس سلسلے میں انہوں نے جو مواد شیئرکیا، اس کے مطابق ان برسوں میں بھارت کے حاصل کردہ میڈلز کی تعداد مسلسل بڑھی ہے جب کہ پاکستان کی کم ہوتی رہی ہے۔
احسن اقبال نے اپنی پوسٹ میں سربراہ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر)عارف حسن قوم کو اس تقابل سے متعلق واضح کریں گے؟ کیوں کہ وہ گزشتہ 9 برس سے (2004ء سے) پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سربراہ ہیں اور تمام ذرائع سے خود کو بار بار منتخب کرواتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقابل اس تباہی سے متعلق ہی جو ان کے دور میں پاکستانی کھیلوں کے ساتھ ہوا۔ احسن اقبال نے آرمی چیف سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں مداخلت کریں۔ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن میں فوری تبدیلی کی ضرورت ہے۔