بنگلورو: ورلڈ کپ کے میچ میں قومی ٹیم کو آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ 2023ء کے 18 ویں میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے 5 آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس سے اس عالمی میگا ایونٹ میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ بالر بن گئے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف اپنے بالنگ کے 10 اوورز میں 5 وکٹیں حاصل کیں اور انہوں نے اس دوران 54 رنز دیے۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کے اسپنر مچ سینٹنر نے بھی ہالینڈ کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، تاہم انہوں نے 59 رنز دیے تھے جب کہ شاہین نے 54 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس لیے اب تک فہرست میں وہ نمبر ون پر ہیں۔
تیسرے نمبر پر بھارتی بولر جسپرت بمرا ہیں، جنہوں نے افغانستان کے خلاف 39 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ چوتھی پوزیشن انگلش بولر ریس ٹوپلے کی ہے جنہوں نے بنگلا دیش کے خلاف میچ میں 43 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
پانچویں پوزیشن پر آسٹریلوی بولر ایڈم زمپا ہے جنہوں نے سری لنکا کے خلاف میچ میں 47 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔