اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے ٹرانسپورٹ کرایوں سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کسی حد تک کمی کے اثرات آنے سے مہنگائی کم ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق رواں ہفتے میں ملک میں مہنگائی کی شرح 1.70 فیصد کم ہوئی ہے جب کہ سالانہ بنیاد پر یہ شرح 38.28 فی صد کم ہوکر 35.45 فی صد کی سطح پر آ گئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 24 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں جب کہ 14 مہنگی اور 13 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے پیاز فی کلو 9 روپے 48 پیسے تک سستی ہوئی، چکن 20 روپے 6 پیسے، دال مسور11 روپے 3 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ علاوہ ازیں چائے کی پتی، مصالحہ جات، چاول کی قیمت میں بھی کمی آئی ہے جب کہ انڈے، مٹن، بیف سمیت 14 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ڈبل روٹی، خشک دودھ سمیت 13 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 34.96فیصد اور 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے تک ماہانہ آمدنی کے حامل طبقے کیلیے گرانی کی شرح 37.79فیصد رہی۔
اسی طرح 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 36.46فیصد اور 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلیے گرانی کی شرح 34.89فیصد رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 31.19 فیصد ریکارڈ کی گئی۔