حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ گروپ نے انسانی بنیادوں پر دو امریکی یرغمالیوں کورہا کردیا ہے۔
القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے قطر کی کوششوں کے جواب میں امریکی ماں بیٹی کو رہا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد “امریکی عوام اور دنیا کو یہ ثابت کرنا ہے کہ جوبائیڈن اور اس کی فاشسٹ انتظامیہ کے دعوے جھوٹے اور بے بنیاد ہیں”۔
قسام بریگیڈ کے ترجمان نے پہلے کہا تھا کہ ان کے قبضے میں 200 سے 250 کے درمیان قیدی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ حماس کی جانب سے دو امریکی یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔ ایک اسرائیلی اہلکار کے مطابق رہائی حماس کی طرف سے اٹھایا گیا یکطرفہ قدم تھا اور یہ کسی معاہدے کے حصے کے طور پر نہیں کیا گیا تھا۔