ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مینارپاکستان پر مسلم لیگ ن کا سیاسی قوت کا مظاہرہ، نواز شریف جلسہ گاہ پہنچ گئے

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد پاکستان آنے کے بعد لاہور میں مینار پاکستان پر جلسہ گاہ پہنچ گئے، جہاں پارٹی کی جانب سے آج سیاسی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ نواز شریف کچھ دیر کے بعد جلسے کے شرکا سے خطاب کریں گے۔

خبر ساں اداروں کے مطابق سابق وزیراعظم اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے، جہاں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ اولڈ ٹرمینل سے انہیں خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہی قلعہ لایا گیا، جہاں سے وہ جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہو گئے۔

دوسری جانب ملک بھر سے لاہور میں آنے والے پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں کے قافلے مینار پاکستان جلسہ گاہ پر جمع ہیں، جہاں وہ اپنے قائد کے 4 برس بعد پاکستان پہنچنے پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں اور استقبال کے لیے جمع ہیں۔

مینار پاکستان گراؤنڈ میں مسلم لیگ ن کے آج کے جلسے میں پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز سمیت دیگر مرکزی قائدین پہنچ چکے ہیں جو وقتاً فوقتاً شرکا سے خطاب کررہے ہیں، دوسری جانب پارٹی قائد نواز شریف بھی جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، جہاں وہ اپنے استقبال کے لیے ملک بھر سے آنے والے کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ نواز شریف کی آمد پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں نگراں صوبائی حکومت نے مینار پاکستان پر ن لیگ کے جلسے کے پیش نظر شرکا کی سہولت کے لیے کنٹینرز پر مشتمل فیلڈ اسپتال کا بندوبست کیا جہاں طبی عملہ اور ادویہ کی وافر مقدار رکھی گئی ہے۔ جلسے کے شرکا پر چھوٹے طیارے کے ذریعے گل پاشی کی جا رہی ہے جب کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے سیکورٹی صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اپنی خودساختہ 4 سالہ جلاوطنی ختم کرکے آج دبئی سے اسلام آباد پہنچے ہیں، جہاں ائرپورٹ کے اسٹیٹ لاونج میں انہوں نے قانونی ٹیم اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اور اپنے کیسز سے متعلق قانونی دستاویزات پر دستخط کیے۔

نواز شریف کی 194 افراد کی گنجائش کی حامل خصوصی پرواز کو امید پاکستان کا نام دیا گیا تھا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں