نیو یارک: نیویارک کی مقامی عدالت نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 10ہزار ڈالر جرمانہ عائد کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق نیویارک کی مقامی عدالت کے جج آرتھر اینگورون کی جانب سے ٹرمپ کے خلاف سول فراڈ کیس میں عدالتی عملے پر تنقید کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
سابق امریکی صدر نے 3 ہفتے قبل جزوی گیگ آرڈر کی خلاف ورزی کی تھی۔ گیگ آرڈر 3اکتوبر کو ٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جج کے پرنسپل لا کلرک کی توہین کرنے پر جاری کیا گیا تھا۔ جرمانہ عائد کرنے سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ عدالت کے سامنے گواہوں کے اسٹینڈ پر آئے اور جج سے کہا کہ اپنے ریمارکس کے دوران آپ کے اور کوہن کی طرف اشارہ کر رہا تھا۔
جج نے ٹرمپ کے وکیل کی جانب سے پیش کیے گئے مؤقف کومسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اس خیال کی کوئی منطق نہیں بنتی کہ ٹرمپ کا بیان گواہ کی طرف اشارہ کر رہا تھا، دوبارہ ایسا مت کیجیے گا ورنہ معاملہ اور خراب ہو گا۔
جج کی جانب سے جرمانہ عائد کرنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ عدالت سے باہر نکل گئے۔ اس سے قبل 20اکتوبر کو ڈونلڈ ٹرمپ پر جج کے لا کلرک کے لیے توہین آمیز بیان نہ ہٹانے پر 5ہزار ڈالرز کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔