اسلام آباد: ملک میں مہنگائی بڑھنے کی شرح میں بتدریج کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں ملک میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 1.1 فی صد رہی جب کہ جولائی سے اکتوبر تک چار ماہ یہی شرح 28.48 فی صد تھی۔ سالانہ بنیاد پر اکتوبر میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 26.9 فی صد جب کہ ستمبر میں 31.4 فی صد تھی، تاہم گزشتہ برس اکتوبر میں یہی شرح 26.6 فی صد تھی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی بڑھنے کی شرح1.1 فیصد رہی۔ ستمبر 2023ء میں 2 فیصد اور اکتوبر 2022 میں 4.7فیصد تھی۔ سالانہ بنیاد پرمہنگائی کی شرح 26.9 فیصد رہی۔، جولائی سے اکتوبر مہنگائی کی اوسط شرح 28.48 فیصد رہی، شہری علاقوں میں مہنگائی 25.5 فیصد، دیہات میں 28.9 فیصد رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ پیاز، سبزیاں، پھل، انڈے، آلو، مچھلی اور مصالحے مہنگے ہوئے، بجلی 8.29 فیصد، شادی ہال 5.43 ، رہائش 4.50 فیصد مہنگی ہوئی۔ ادویات 3.72 فیصد، تعلیم 3.23 ، ڈاکٹر کی فیس 3 فیصد مہنگی ہوئی۔ اس دوران چینی، دال چنا، ٹماٹر، دال مونگ، گڑ، گندم کا آٹا، دودھ سستا ہوا ہے۔