بیت المقدس :غزہ پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں غزہ کی نصف سے زیادہ آبادی مقامی طور پر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئی ہے۔ غزہ کی پٹی میں 22 لاکھ سے زیادہ افراد آباد ہیں، جن میں سے نصف سے زیادہ بچے اور خواتین شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 13 اکتوبر کو اسرائیل نے غزہ کے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ شمالی غزہ کو خالی کر کے جنوبی علاقے میں چلے جائیں، اسرائیل کی مسلسل بمباری سے اب تک 20 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
فلسطینی حکام کے مطابق یہ تعداد غزہ میں تقریبا نصف ہاؤسنگ یونٹس کے برابر ہے،7 نومبر تک غزہ میں تقریبا 17 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں جو اسکولوں، گرجا گھروں، اسپتالوں، اقوام متحدہ اور عوامی عمارتوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں یا جنھیں دیگر افراد نے پناہ دی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ سے باہر نکلنا مقامی افراد کے لیے مشکل ہے، اسرائیل نے ایریز سرحد بند کی ہوئی ہے اور مصر میں رفح بارڈر کراسنگ صرف غیر ملکی شہریوں اور کچھ زخمیوں کو غزہ سے نکالنے کے لیے کھلتی ہے، جس کی وجہ سے فلسطینی نقل مکانی بھی نہیں کرسکتے ہیں۔