نیو یارک: اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونائیٹڈ نیشنز ڈیولپمنٹ پروگرام (یو این ڈی پی)نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے باعث فلسطینی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، اگر یہ جنگ رواں سال کے اختتام تک جاری رہی تو غزہ انسانی ترقی میں 19سال پیچھے ہو جائے گا۔
یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے باعث 7اکتوبر سے اب تک صرف ایک ماہ کے دوران فلسطینی جی ڈی پی میں 4.2فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ معاشی نقصانات کا تخمینہ 857ملین ڈالرز کے قریب بنتا ہے اور اگر یہ جنگ دو ماہ تک جاری رہے تو یہ اعداد شمار تبدیل ہوکر 8.7فیصد اور معاشی نقصان کا تخمینہ 1.7ارب ڈالرز ہو جائے گا۔
یو این ڈی پی کے عرب ریاستوں سے متعلق ریجنل بیوروکے اسسٹنٹ سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ماہ کے قلیل عرصے میں انسانی ترقی میں اتنی بڑی ریگریشن (regression)پہلے کبھی نہیں دیکھی، یہ تنازع جلد ختم ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے اعداد شمار کا مطلب ہے کہ نہ صرف غزہ بلکہ پورے فلسطین کے اسکولوں، اسپتالوں، معیشت اور انفرااسٹرکچر میں کی گئی 50بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری ڈوب چکی ہے۔