پونے: ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بنگلادیش کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست ہوگئی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت میں ہونے والے عالمی کرکٹ کپ کے 43 ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلادیش کی جانب سے دیا گیا 307 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 45 ویں اوور ہی میں حاصل کرلیا جس میں مچل مارش کی 177 رنز کی شان دار ناٹ آؤٹ اننگ بھی شامل تھی۔
آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ٹریوس ہیڈ 10، ڈیوڈ وارنر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اسٹیو اسمتھ نے 63 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی۔ بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بنگلا دیش نے آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے۔ اس اننگ میں آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا اور شان ایبٹ نے 2،2 جبکہ مارکس اسٹوئنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔