اسلام آباد: حکومت نے نئی اور پرانی صنعتوں کو گیس کی سپلائی بلاتعطل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق برآمدی سیکٹر کے لیے حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت نئی اور پرانی صنعتوں کو گیس بلاتعطل فراہم کی جائے گی۔
نگراں وفاقی وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ نئے اور پرانے ایکسپورٹرز کے لیے مقامی اور درآمدی گیس کی فراہمی سے متعلق فرق کو ختم کردیا گیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق ٹیرف اسکیم کے تحت نئی صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیرف اسکیم کے تحت دو سال سے نئی صنعتوں کو گیس کی فراہمی رکی ہوئی تھی۔
نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے برآمدی شعبوں کی پیداواری صلاحیت 100 فیصد تک ہوجائے گی اور گیس کی فراہمی سے ملکی برآمدات میں 3 ارب ڈالرز اضافے کی توقع ہے۔