اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمدنے کہا ہے کہ ایسی ایپ اور کیو آر کوڈ بنارہے ہیں جس سے حاجی گم ہوگا اور نہ ہی سامان غائب ہونے کا مسئلہ ہوگا، کوشش ہوگی کہ حجاج کو خانے کعبہ کے قریب رہائش فراہم کریں، حجاج کو سامان رکھنے کے لیے 30 کلو کا سوٹ کیس دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہاکہ عازمین حج کو سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، حاجی کیمپ کی بوسیدہ عمارت کی تزئین آرائش پر بات چیت جاری ہے، حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے کی کمی کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ حج کی پروازیں اسکردو سے بھی شروع کررہے ہیں، حجاج کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ہم مزید چیزوں کو بہتر کررہے ہیں، منی میں بھی حجاج کی رہائش کا بندوبست کیا جائے گا۔