غزہ: بین الاقوامی جنگی قوانین کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے اسرائیلی افواج نے گزشتہ45 دنوں میں13 ہزار 370 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صہیونی فوجیوں کی مسلسل بمباری میں اب تک 5 ہزار 670 بچے اور 3 ہزار 557 خواتین شہید ہوچکی ہیں، اسرائیلی فوج نے بلاتفریق حملوں میں سویلین رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں، اسکولوں، اسپتالوں اور عبادتگاہوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں زخمیوں کی تعداد 31 ہزار سے تجاوز کر گئی، غزہ پٹی کے 15 لاکھ شہری بے گھر اور نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کے اسپتالوں پر مسلط کی گئی جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا ہے، الشفا اسپتال تباہ کرنے کے بعد اسرائیلی فوج کے ٹینکوں نے انڈونیشین اسپتال کو گھیرے میں لے لیا ہے، اطراف میں شدید بمباری کی جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اگر فوری جنگ بندی نہ کی گئی تو انڈونیشین اسپتال کا حال بھی الشفا اسپتال جیسا ہوگا، جس میں طبی عملہ سمیت سینکڑوں زیر علاج مریض شہید ہو گئی تھے، اور اسپتال میں انکوبیٹرز میں موجود بچے بھی بڑی تعداد میں شہید ہو گئے تھے۔