ڈیرہ اسماعیل خان میں گھریلو جھگڑے پر ایک ہی خاندان کے کم از کم پانچ افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے رحمانی خیل میں ایک شخص نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر بیوی کو قتل کردیا۔ طیش میں آکر متوفی خاتون کے بھائیوں نے اس شخص کے والد، والدہ اور بہن پر فائرنگ کردی جو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
21 اگست کو کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں گھریلو جھگڑے پر ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ یہ واقعہ بلدیہ ٹاؤن میں پیش آیا، جس میں چارسدہ کے رہائشی نور اللہ نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے پر اپنی بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
ایک بیان میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) بلدیہ نے کہا کہ متوفی خاتون دو ماہ قبل اپنے شوہر سے جھگڑے کے بعد بلدیہ ٹاؤن میں اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی۔
ایک الگ واقعے میں مالاکنڈ میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے کم از کم نو افراد کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں مالاکنڈ کے نواحی علاقے باگردرہ میں رات گئے مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ جس کے نتیجے میں چار خواتین، تین مرد اور بچے جاں بحق ہوگئے۔ 12 سالہ بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔