ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

 زراعت میں ڈرپ اوراسپرے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، صدر عارف علوی

اسلام آباد:  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو پانی کی قلت کے بڑھتے ہوئے بحران سے بچانے کے لیے زراعت میں ڈرپ اور اسپرے اریگیشن جیسے پانی کے کم خرچ اور اسمارٹ طریقوں کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ ملک کا تقریبا 95 فیصد پانی استعمال کرتا ہے جس کے لیے پانی کے استعمال میں بچت کے حوالے سے فوری منصوبہ بندی اور اصلاحات کی جانی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ موسمیاتی لحاظ سے لچکدار پاکستان میں پانی اور خوراک کے نظام کے لیے تبدیلی کے راستے کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے ویڈیو لنک خطاب میں کیا۔ کانفرنس کا اہتمام انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ، پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز، وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ، وزارت آبی وسائل، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور یونیسف نے کیا جس میں بین الاقوامی اور مقامی آبی ماہرین نے   شرکت کی۔

اپنے خطاب میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے موجودہ آبی وسائل کو محفوظ بنانے کے لیے موثر انتظام کی ضرورت ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دنیا کے 10 سرفہرست ممالک میں شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش پانی کا بحران سب سے اہم چیلنجوں میں سے ایک ہے جو آبادی میں تیزی سے اضافے، شہروں کے پھیلائو، صنعت کاری، آبی وسائل کی کمی، ماحولیاتی بگاڑ، موسمیاتی تبدیلیوں اور غیر معقول انسانی رویوں کی وجہ سے بڑھتا ہے۔ نچلی سطح پر جدید زرعی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے تحقیق اور تکنیکی اختراع پر زور دیا اور کہا کہ کاشتکاروں کو پانی کے تحفظ، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور متعلقہ ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ کمیونٹی کی شمولیت اور قوانین کا نفاذ پانی کے موثر انتظام میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کے کسان آبپاشی کے روایتی طریقوں پر انحصار کرتے ہیں جس سے پانی ضائع ہوتا ہے جبکہ دنیا ڈرپ اور سپرے آبپاشی اور پانی کی ری سائیکلنگ پر عمل کرتی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں