بیت المقدس: غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپوں کے دوران سابق اسرائیلی آرمی چیف گاڈی آئزن کوٹ کا بیٹا گال آئزن کوٹ اور ایک میجر سمیت 7 اسرائیلی ہلاک ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے ساتھ جھڑپوں میں خان یونس کے علاقے میں حماس کے ہاتھوں مارے گئے فوجی گال آئزن کے والد سابق اسرائیلی آرمی چیف موجودہ کابینہ میں وزیر کے عہدے پر فائز ہیں، غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائی کے دوران مرنے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 97 ہو گئی۔
72 گھنٹوں میں حماس کی جانب سے کی گئی کارروائیوں میں 137 اسرائیلی گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ میجر سمیت 7 اسرائیلی ہلاک ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے انسانیت سوز حملوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 350 سے زائد فلسطینی شہید کر دیے جبکہ دو ماہ کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، شہداء میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔