ابوظبی: ترک صدر رجب طیب اِردوان نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بدامنی کا ذمے دار اسرائیل ہے۔
اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 28) کے سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل امریکا کا بگڑا ہوا بچہ ہے اور خطے میں بدامنی کا ذمے دار بھی اسرائیل ہی ہے۔
غزہ میں بفرزون منصوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے ترک صدر نے اس پلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا مسلسل ہونے والا جانی نقصان روکا جائے اور وہاں مستقبل کے حوالے سے کسی بھی نظام کو فلسطینی عوام کی مرضی کے ساتھ نافذ کیا جانا چاہیے۔
کانفرنس میں مریکا اور چین کی جانب سے بھی غزہ کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فلسطین میں بڑھتی بدامنی روکنے کے لیے کام کرنے والے تمام فریقوں کے درمیان رابطے تیز کرنے کی ضرورت پأر زور دیا۔ انہوں نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر تشدد کی وجہ سے اسرائیل پر تنقید کی۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا کانفرنس کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جنگ میں وقفوں کے بجائے غزہ میں اولین ترجیح مستقل بنیادوں پر جنگ بندی ہونا چاہیے۔ بڑے ممالک کو غیر جانبدار رہتے ہوئے معروضی حقائق کو مدنظر اور انصاف سے کام لینا چاہیے۔