اسلام آباد: ہائی کورٹ نے سینیٹ الیکشن روکنے کی پی ٹی آئی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس انتخاب کو روکنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات بھی عائد کیے۔
بعد ازاں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کے 5 سینیٹرز ڈاکٹر زرقا سہروردی، فلک ناز، فوزیہ ارشد، سیف اللہ نیازی اور سیف اللہ ابڑو کی جانب سے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔
پی ٹی آئی کے 5 سینیٹرز کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے مطابق سینیٹ اراکین کی کل تعداد 96 ہے جس میں تمام صوبوں کی یکساں نمائندگی ہے۔ سینیٹ میں خیبرپختونخوا سے 23 اراکین کی تعداد پوری نہیں۔ الیکشن کمیشن نے خیبر پختوانخواہ میں سینیٹ انتخاب ملتوی کئے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ایوان کے اراکین کی تعداد پوری کرنے تک ملتوی کردیا جائے۔
بعد ازاں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات روکنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
