اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے ضمنی انتخابات کے دوران ناروال میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے اورقلعہ عبداللہ میں مسلح افراد کے پولنگ سٹیشن میں داخلے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ذمہ داروں کے خلاف فوری طور پر سخت کاروائی کا حکم دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان ای سی پی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی۔54 ناروال میں پولنگ اسٹیشن کے قرب میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کے افسوس ناک واقعہ پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ صاحب نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناروال سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اس معاملے پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری طور پر سخت کاروائی کا حکم دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے حلقہ پی بی۔50 قلعہ عبداللہ میں مسلح افراد کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے ذاتی طور پر آئی جی بلوچستان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اس معاملے پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے۔
