ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

حماس کی قید میں یرغمالی کی وڈیو جاری، اسرائیل میں نیتن یاہو کیخلاف مظاہرے پھوٹ پڑے

مقبوضہ بیت المقدس: حماس کی قید میں یرغمالی کی وڈیو جاری ہونے کے بعد اسرائیل میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے، جس میں نیتن یاہو حکومت ختم کرنے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں امریکا سے تعلق رکھنے والے یرغمالی گولڈ برگ پولن نے صہیونی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی پالیسیوں پر شرم آنی چاہیے۔

تقریباً 3 منٹ دورانیے کی اس وڈیو میں اسرائیلی حکومت کو کہا ہے کہ وہ حماس کی قید میں یرغمالیوں کو فوری رہا کرنے کی پالیسی اختیار کریں۔ جنگی قیدیوں کی رہائی کے لےی فلسطینیوں کی شرائط تسلیم کی جائیں۔

نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے گولڈ برگ پولن کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو نے یرغمالیوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، اسرائیلی حکومت کو شرم آنی چاہیے جب کہ اسرائیل کی فوج ناکام ثابت ہو چکی ہے۔ اسرائیلی حکومت اپنے یرغمالیوں کو رہا کروانے کے بجائے فلسطینیوں کی تجاویز کو مسترد کردیتی ہے۔

یرغمالی نے نیتن یاہو حکومت سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے لوگوں کو حکومت دے دی جائے جن میں یرغمالیوں کو رہا کروانے کی صلاحیت ہو۔

دوسری جانب یرغمالی کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد اسرائیل میں مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں اور یرغمالیوں کے خاندانوں کا کہناہے کہ حکومت جنگی قیدیوں کی رہائی کے اقدامات کی سنجیدہ کوشش کرے۔

وڈیو وائرل ہوتے ہی مظاہرین اسرائیل کے مختلف شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت سے یرغمالیوں کی واپسی، غزہ میں جنگ کے خاتمے اور اسرائیل میں نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے رہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں