لاہور : مطالبات کے حق میں وکلا کے احتجاج پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جبکہ پولیس نے متعدد وکلاء کو گرفتار کرلیا۔
لاہور میں جی پی او چوک پر سول عدالتوں کی منتقلی اور وکلا پر دہشتگری کے مقدمات کے خلاف وکلا نے ریلی نکالی، احتجاج کے دوران وکلاء نے لاہور ہائیکورٹ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس کی جانب سے وکلاء پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی اور متعدد وکلاء کو گرفتار کرلیا جب کہ پاکستان بار کونسل کی جانب سے وکلا پر تشدد کے خلاف کل ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا گیا ہے۔
پولیس نے لاہور ہائی کورٹ کا مرکزی دروازہ بند کردیا اور رکاوٹیں کھڑی کردیں، اس دوران وکلا نے شدید نعرے بازی کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔
پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں سپرنٹنڈنٹ پولیس ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ سمیت 7 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں، مال روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی ہے جب کہ جی پی او چوک پر میٹرو بس اسٹیشن بھی بند کردیا گیا ہے۔
