لاہور:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے طاقت کے ذریعے کسی کو ملک چلانے کا اختیار نہیں، آزادی اظہار رائے پر قدغن قبول نہیں کریں گے، سوشل میڈیا کے سامنے امریکا جیسی طاقتور ریاست نہیں ٹھہر سکی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا کی طاقت ہے کہ فلسطینیوں کے حق میں تمام بڑی یونیورسٹیوں میں احتجاج ہورہا ہے، سب آئین کی پاسداری کو تیار ہیں تو گریٹر ڈائیلاگ کا راستہ کھل سکتا ہے، جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس25مئی کو ہے، قوم کے سامنے پرامن مزاحمت کا ماڈل رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومتی سیٹ اپ جعلی اور فراڈ ہے اسے تسلیم نہیں کرسکتے، اسٹیبلشمنٹ کی گود میں بیٹھ کر پلنے والے اسٹیبلشمنٹ سے حق نہیں لے سکتے، چند پارٹیاں شاید اس لیے احتجاج کررہی کہ انہیں الیکشن میں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی طرح فارم 47 سے حصہ نہیں ملا۔ امیر جماعت نے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کو اپیل کی کہ وہ معاشرے کی اصلاح اور بہتری کے لیے کام کریں۔
انہوں نے دنیا بھر کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کو غزہ میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی اہل فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے۔
