کراچی: سندھ حکومت نے گندم کی نئی قیمت 4 ہزار روپے فی من مقرر کردی ہے اور ساتھ ہی 9 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ تیار کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی سطح پر اسکیموں کی تجاویز دیں۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ برس 11 لاکھ ٹن سے زیادہ گندم خریدی تھی، جس کے بعد 4 لاکھ ٹن گندم ہمارے گوداموں میں موجود تھی، اسی کے پیش نظر ہم نے اپنی ضرورت کے تحت 9 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے نئی قیمت 4 ہزار روپے فی من مقرر کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بدقسمتی سے نگراں دور میں بھاری مقدار میں گندم درآمد کی گئی جو کہ نہیں کرنی چاہیے تھی۔سندھ حکومت نے 4 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی ہے اور بد عنوانی پر 4 ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو معطل کیا گیا ہے۔
