نیویارک: ٹی 20 ورلڈ کپ میں کل اتوار کے روز پاکستان اور بھارت کا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عالمی میگا ایونٹ کے اہم ترین مقابلوں میں سے ایک پاکستان اور بھارت جیسے روایتی حریف کل نیو یارک میں ایک دوسرے کے خلاف مدمقابل ہوں گے۔ ناسا کاؤنٹی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں اتوار کے روز یہ اہم میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 7 بجے شام ہوگا، تاہم بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نیو یارک کے موسم سے متعلق جاری رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے اہم مقابلے کے روز (اتوار کو) بارش کے امکانات 51 فی صد ہیں، اور اتفاق سے بارش میچ شروع ہونے کے نصف گھنٹے بعد شروع ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے پیش نظر بارش ہو گئی تو میچ کو اضافی وقت بھی دیا جا سکتا ہے۔
