کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سندھ کابجٹ معیشت اور کاروبار کا گلا گھونٹ دے گا، بجٹ عوام دشمن ہے،غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیاگیا۔اپنے بیان میں سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی آشیرباد سے آنے والے بجٹ میں عوام کی بہتری اور خوشحالی کے لیے کوئی بھی اسکیم نہیں رکھی گئی۔انہوںنے کہاکہ بجٹ عوام کی معاشی کمر توڑنے کی ایک اور خطرناک کوشش ہے۔56 کروڑ کا خسارہ کیسے پورا ہوگا؟ عوام دشمن بجٹ کا اثر غریب عوام کی زندگی پر ہوگا،غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی منصوبہ شامل نہیں ہے،لاڑکانہ میں صنعتی زون جس کا افتتاح بلاول زرداری نے کیا تھا ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا ہے۔اور اس کو مکمل کرنے کے لیے فنڈ مختص نہیں کیے۔ایسا لگتا ہے کہ حکومت سندھ کو تاجروںو صنعت کاروں سے کوئی دشمنی ہے۔۔سندھ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کوئی منصوبہ نہیں ہے۔