ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مسجد اقصیٰ تکبیرات سے گونج اٹھی،40 ہزار سے زاید فلسطینی نماز عید الاضحیٰ ادا کرنے میں کامیاب

مقبوضہ بیت المقدس(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج کی جارحیت ،جگہ جگہ رکاوٹوں اور پابندیوںکے باجود مسجد اقصیٰ تکبیرات سے گونج اْٹھی اور 40 ہزار سے زاید فلسطینی قبلہ اوّل میں داخل ہوکر عید الاضحیٰ کی نماز ادا کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔عالمی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں عید الاضحی کی نماز پڑھنے کے لیے آنے والے مسلمانوں پر حملہ کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔قابض فوج نے مسجد اقصیٰ کے صحن میں توڑ پھوڑ کی، نمازیوں کے شناختی کارڈز چیک کرکے ان کے ہراساں کیا، نمازیوں کی نقل و حرکت میں خلل ڈالا۔ اسرائیلی فوجیوں نے ہزاروں فلسطینیوں کو عید کی نماز کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روکے رکھا جس سے مسلمانوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔اردن کے زیر انتظام مسجد اقصیٰ کی
اسلامی وقف کے انچارج نے بتایا کہ اسرائیلی بندشوں اور ہزاروں افراد کو داخلے سے روکنے کے باوجود 40 ہزار سے زاید فلسطینی نمازِ عید ادا کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ جن فلسطینی نوجوانوں کو اسرائیلی فوج نے تشدد کا نشانہ بناکر مسجد اقصیٰ سے بیدخل کردیا تھا انہوں نے باہر صفیں بنالیں اور نماز ادا کی۔دوسری جانب غزہ میں فلسطینیوں نے اپنے تباہ شدہ گھروں کے ملبے پر نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر غزہ کے غیور عوام کا جذبہ دیدنی تھا۔علاوہ ازیں رفح میں اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیوں پر حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 10 ہوگئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز فلسطین کے مزاحمت کار مجاہدین(حماس، القسام) نے رفح میں ہونے والی کارروائیوں کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بکتر بند گاڑی کو دھماکے سے اڑایا گیا جس میں موقع پر ہی 8 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ دوسری جانب آج زخمی اسرائیلی فوجیوں میں سے بھی 2 اہلکاروں نے دوران علاج اسپتال میں دم توڑ دیا۔ اس طرح ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 10 ہوگئی جب کہ 3 دیگر زخمی اہلکاروں کی حالت نازک ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے رفح میں ہونے والے حملے میں فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہفتہ ہمارے لیے مشکل ہوگا۔اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے فوجیوں کی ہلاکت کو ’دل دہلا دینے والا‘ واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم حماس اور دیگر مسلح تنظیموں کے خلاف جنگ کی بڑی قیمت ادا کررہے ہیں۔ نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل اپنے وجود اور مستقبل کے لیے لڑ رہا ہے جبکہ ہم اپنے مغویوں کی بازیابی کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ’ہمارا دشمن سفاک ہے جو کسی بھی صورت جنگ بندی پر تیار نہیں اور ہم اْس کو نیست و نابود کرنے کی کوششوں کو جاری رکھیں گے، اس کے لیے فتح کے علاوہ کوئی اور متبادل نہیں ہے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ ہم بین الاقوامی فورمز سمیت کئی محاذوں پر ایک مشکل جنگ کے عروج پر ہیں اور ہمیں آگے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، عدم استحکام کی قیمت کے باوجود، ہم حماس کو ختم کرنے اور مغوی کی واپسی کے جنگی اہداف پر قائم رہیں گے تاکہ غزہ کو دوبارہ خطرہ نہ ہو۔اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے فوجیوں کی ہلاکت پر حماس اور دیگر مسلح تنظیموں کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ کا کہنا ہے کہ رفح میں 8 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد اْن کا دل غم سے ڈوب گیا ہے۔ انہوں نے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔اسرائیلی مظاہرین نے فوجیوں کی ہلاکت کے بعد تل ابیب میں احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی۔ مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف نعرے بازی کی اور ملک میں جلد انتخابات کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے ویسٹ بینک میں ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا جبکہ القدس نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے میں اْن کا ایک 45 سالہ جنگجو زوہیر خلیل جاں بحق ہوگیا ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیل نے غزہ شہر کے گرد و نواح کے کئی علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کئی مکان تباہ ہوگئے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے اوپر سے کم اونچائی پر پروازیں بھی کیں، جس سے علاقے میں فلسطینیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔رپورٹ کے مطابق غزہ سٹی میں اسرائیلی فورسز کے تازہ حملوں میں ہفتے کے روز مزید 28 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں