کراچی، اسلام آباد، لاہور: ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، اس دوران چھوٹے بڑے شہروں سمیت تمام گاؤں دیہات میں سنت ابراہیمی کی پیروی جاری ہے۔
آج پیر کی صبح ملک بھر میں نماز عیدالاضحیٰ کے اجتماعات کا انعقاد ہوا۔ شہر قائد سمیت وفاقی دارالحکومت، لاہور، پشاور، ملتان، کوئٹہ اور دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں کی عید گاہوں، مساجد اور دیگر اہم مقامات پر نماز عید ادا کی گئی۔
اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعاؤں کے ساتھ غزہ کے مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئی جب کہ سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔
عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہیے، پوری قوم اخوت، ایثار، محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر ضرورت مندوں کی مدد کرے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید پر ان افراد کا بھی خیال رکھنا ہے جو قربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فلسطینی اور کشمیری ظلم و ستم اور بربریت کے سامنے آہنی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔
مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے بھی تمام پاکستانیوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
