کراچی :عید الاضحیٰ کے پہلے روز کراچی میں ٹریفک کے الگ الگ حادثات اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں بچوں سمیت 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، 2 کمسن بچیاں شدید زخمی ہوگئیں۔
شہر قائد کے علاقے لانڈھی مجید کالونی بلاول ٹاؤن میں تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے راہگیروں کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک لڑکا اور دو کمسن لڑکیاں زخمی ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لے جایا گیا، جہاں شدید زخمی لڑکا دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
جاں بحق ہونے والے لڑکے کی شناخت 6 سالہ مساویر ولد عبدالحمید خان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی بچیوں کی شناخت عائشہ اور حلیمہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ایچ او قائد آباد ذاکر اللہ کے مطابق تیز رفتار ہائی ایس وین نے بچوں کو ٹکر مار دی۔ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے وین کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔ قانونی چارہ جوئی کے بعد متوفی لڑکے کی لاش اس کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔
ایک اور واقعہ میں ڈاکس تھانے کی حدود میں ایک نوجوان موٹر سائیکل سوار جناح پل سے گر گیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔ اس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مقتول کی شناخت 17 سالہ امتیاز علی ولد منیر احمد سکنہ بلوچ گوٹھ اورنگی ٹاؤن کے نام سے ہوئی ہے۔
