راولپنڈی: خیبر پختونخوا میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کرم میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی ایک بارودی سرنگ کے دھماکے کی زد میں آ گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 21 جون کو ضلع کرم کے عام علاقے صدہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا، جس میں جام شہادت نوش کرنے والوں میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طفیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا نے وطن کی خاطر لازوال قربانی دیتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔ واقعے کے بعد علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے جیسے گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جب کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 5 فوجی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور اُن کی قربانیوں پر خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے۔
