
انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکیہ کے جنوب مشرقی علاقوں کے جنگلات میں راتوں رات لگنے والی آگ سے 5افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔وزیر صحت فخرالدین قوکہ نے بتایا کہ جنوب مشرقی شہر ماردین کے 2علاقوں کے آگ کی لپیٹ میں آ جانے سے 44 زخمی ہو گئے جن میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔ سوشل میڈیا پر تصاویر جاری کی گئیں جن میں رات کو آسمان میں بلند و بالا شعلے اور دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔ فخرالدین قوکہ نے بتایا کہ 4ایمرجنسی ٹیمیں اور 35 ایمبولینسیں جائے وقوع پر کارروائیوںمیںشامل ہیں۔ وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے اپنے بیان میں بتایا کہ آگ جمعرات کی شب دیاربکر سے 30 کلومیٹر جنوب میں لگی اور تیز ہواؤں کی وجہ سے تیزی سے پھیل گئی جس سے 5دیہات متاثر ہوئے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران آس پاس کے کئی دیہات کو خالی کروالیا گیا۔ جنگل میں آگ تیز ہواؤں کی وجہ سے تیزی سے پھیلی ،جس کے بعد 2 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ آگ سے کئی ہزار ایکڑ جنگل تباہ ہوگیا۔ اس دوران کئی مکانات جل گئے،جب کہ کئی جانور بھی جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہوا کے باعث آگ پر قابو پانے میں شدید مشکلات کاسامنا ہے۔