کراچی (مانیٹر نگ ڈ یسک) محکمہ صحت سندھ کی جانب سے ملک کا پہلا ہیومن ملک بینک (ماں کے دودھ کا ڈونر بینک) دینی مدرسے کے فتوے کے بعد بند کرکے غیر فعال کردیا گیا۔ ڈان نیوز کے مطابق سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی (ایس آئی سی ایچ این) نے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی ہے کہ ہیومن ملک بینک کو غیر معینہ مدت تک غیر فعال کردیا گیا ہے‘ ایس آئی سی ایچ این دارالعلوم کراچی اور اسلامی نظریاتی کونسل سے ہیومن ملک بینک سے متعلق مزید رہنمائی حاصل کرے گا‘دارالعلوم کراچی کی جانب سے حال ہی میں جاری کیے گئے تازہ فتوے کے بعد ہیومن ملک بینک کو بند کرنا پڑا، اس لیے مذہبی رہنمائی حاصل کی جائے گی۔ ادارے کا کہنا تھا کہ ایس آئی سی ایچ این بچوں کو ماں کا دودھ فراہم کرنے کے لیے طبی سہولیات، اخلاقی اقدار اور مذہبی تعلیمات پر عمل کرنے کا پابند ہے۔ خیال رہے کہ محکمہ صحت سندھ نے یونیسیف کے تعاون سے رواں ماہ جون کے آغاز میں صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے کورنگی میں موجود بچوں کے اسپتال میں ہیومن ملک بینک کھولا تھا تاہم متعدد مذہبی حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا اور اسے غیر شرعی قرار دیا گیا، جس کے بعد دارالعلوم کراچی نے فتویٰ بھی جاری کیا، جس پر اب ملک بینک کو بند کردیا گیا ہے۔