برمنگھم: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز کے ہاتھوں انڈیا چیمپئنز کو 68 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان چیمپئنز نے انڈیا چیمپئنز کو 68 رنز سے باآسانی شکست سے دوچار کرکے ایونٹ میں مسلسل تیسری اہم کامیابی حاصل کی ہے۔
قبل ازیں پاکستان چیمپئنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 243 رنز بنائے تھے اور اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ پاکستان کے کامران اکمل نے77 اور شرجیل خان نے 72 رنز کی شان دار اننگز کھیلی جب کہ صہیب مقصود 26 گیندوں پر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تاہم شاہد آفریدی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ شعیب ملک 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انڈیا چیمپئنز کے آر پی سنگھ اور انوریت سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دھول کلکرنی اور پون نیگی نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
لیگ میں شریک پاکستانی ٹیم کپتان شاہد آفریدی، شرجیل خان، عمر اکمل، یونس خان، شعیب ملک، مصباح الحق، عبدالرزاق، وہاب ریاض، سہیل تنویر، سہیل خان، عبدالرحمان، عامر یامین، توفیق عمر، شعیب مقصود، یاسر عرفات اور تنویر احمد پر مشتمل ہے۔
بھارتی ٹیم میں کپتان یووراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، سریش رائنا، عرفان پٹھان، یوسف پٹھان، رابن اتھپا، امباتی رائیڈو، گرکیرت مان، راہول شرما، نامن اوجھا، راہول شکلا، آر پی سنگھ، ونئے کمار، دھاول کلکرنی، سوربھ تیواری، انوریت سنگھ اور پون نیگی شامل ہیں۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منظور شدہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 3 جولائی کو برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ میدان میں شروع ہوئی جو 18 جولائی تک جاری رہے گی۔
